ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق کی زیر صدارت ریڑھی بانوں، انجمن تاجران، مئیر و ڈپٹی مئیر میونسپل کارپوریشن کوٹلی، مجسٹریٹ بلدیہ اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

20

کوٹلی (پی آئی ڈی) ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق کی زیر صدارت ریڑھی بانوں، انجمن تاجران، مئیر و ڈپٹی مئیر میونسپل کارپوریشن کوٹلی، مجسٹریٹ بلدیہ اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں جاری انسدادِ تجاوزات آپریشن اور اس سے متعلقہ مسائل و تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران شرکاء نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ کوٹلی شہر کو غیر قانونی تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنا ناگزیر ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے، عوام الناس کو سہولت میسر ہو اور شہر کی خوبصورتی بحال کی جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی ریڑھی سڑک یا فٹ پاتھ پر نہیں لگائی جائے گی، اور صرف وہی افراد ریڑھی لگانے کے مجاز ہوں گے جو حقیقی طور پر مزدوری کے حق دار ہیں۔ کسی بھی دکاندار کو اپنی دکان سے باہر سامان رکھنے یا سڑک پر تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ریڑھی بانوں کے روزگار کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے ایک نمائندہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو متبادل مقامات کا تعین کرے گی جہاں ریڑھی بان اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ مزید برآں، جو ریڑھیاں محلوں کے اندر لگائی گئی ہیں، ان کے لیے میونسپل کارپوریشن باقاعدہ لائسنس جاری کرے گی اور ہر ریڑھی کی حدود کا واضح تعین کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ضبط شدہ ریڑھیاں اس شرط پر واگزار کی جائیں گی کہ متعلقہ افراد کمیٹی کے حتمی فیصلے تک انہیں سڑک یا ممنوعہ مقامات پر دوبارہ نہیں لگائیں گے۔ ریڑھی بانوں کے نمائندہ محمد یوسف کو ہدایت دی گئی ہے کہ دو روز کے اندر تمام ریڑھی بانوں کی مکمل تفصیل اور کوائف اسسٹنٹ کمشنر آفس میں جمع کروائیں تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوٹلی شہر کو تجاوزات سے مکمل پاک، صاف ستھرا، خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ مہم صرف انتظامی کارروائی نہیں بلکہ شہری شعور، تعاون اور قانون کی پاسداری کا عملی مظہر ہے۔ شہریوں، تاجربرادری اور محنت کش طبقے کا تعاون قابل تحسین ہے اور یہی تعاون ہمیں ترقی کی راہ پر گامزن رکھے گا۔

Comments are closed.