موٹروے پولیس نے ایم-2 پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افسران کو انعامات سے نوازا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 13 جنوری 2026:
انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، سلطان احمد چوہدری نے سینٹرل پولیس آفس میں موٹروے (M-2) پر سیال موڑ کے قریب نان کسٹم پیڈ کپڑے (مالیت تقریباً 10 ملین روپے) کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے اور ملزم کو گرفتار کرنے والے افسران کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق، موٹروے پولیس کے افسران ڈی ایس پی محمد نواز، انسپکٹر ایاز خان، سب انسپکٹر اعجاز احمد اور سب انسپکٹر کامران لطیف کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی۔ انہوں نے شہزور پک اپ کا تعاقب کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو روک لیا۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے نان کسٹم پیڈ کپڑے برآمد ہوئے اور ڈرائیور کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں ضبط شدہ سامان اور گرفتار ملزم کو کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل سلطان احمد چوہدری نے افسران کی شاندار کارکردگی اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ملک بھر میں قومی شاہراہوں پر مسافروں کی حفاظت، جرائم کے انسداد اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے دیگر اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
Comments are closed.