وزیر قانون کی زیر صدارت ایف بی آر ریویو کمیٹی کا اجلاس

19

وزیر قانون کی زیر صدارت ایف بی آر ریویو کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد، 11 جون 2025: وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت ایف بی آر ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایف بی آر کی جاری قانونی کارروائیوں اور مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر کیے گئے فیصلوں کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیرِ قانون نے ایف بی آر اور متعلقہ قانونی ٹیم کو آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں تاکہ ریونیو سے متعلق مقدمات کو مؤثر انداز میں منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اٹارنی جنرل آفس ایف بی آر کے لیگل وِنگ کو مسلسل قانونی معاونت فراہم کر رہا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پچھلے تین ماہ کے دوران ایف بی آر نے مختلف مقدمات میں تقریباً 112 ارب روپے کی ریکوری ممکن بنائی، جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔

اس موقع پر آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کی جانے والی ممکنہ قانونی تجاویز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیرِ قانون نے اُمید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے نہ صرف قانونی نظام میں بہتری آئے گی بلکہ مالیاتی استحکام میں بھی مدد ملے گی۔

Comments are closed.