موجودہ حالات قومی اتحاد کے متقاضی ہیں۔سید امان شاہ

24

کوئٹہ(پ ر) عوام پاکستان پارٹی کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی محاذ آرائی، ایک دوسرے پر الزام تراشی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیل رہا ہے۔ مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان سیاسی انتشار اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، کیونکہ اس کا براہِ راست اثر معیشت اور عوام کی زندگیوں پر پڑ رہا ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ معاشی بحران شدید ہوتا جا رہا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب طبقے کو بے حد متاثر کیا ہے جبکہ عوام اپنے بنیادی حقوق کیلئے پریشان اور مایوس ہیں۔ انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے، ذاتی اختلافات پسِ پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے، معاشی استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کیلئے عملی جدوجہد کرتی آئی ہے اور مستقبل میں بھی اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطہ مہم مزید تیز کریں، عوام کے مسائل کو اجاگر کریں اور انہیں یقین دلائیں کہ عوام پاکستان پارٹی ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

جاری کردہ
صوبائی ترجمان عوام پاکستان پارٹی۔ بلوچستان

Comments are closed.