عظمیٰ بخاری: بانی پی ٹی آئی ملک کے ساتھ نہیں چل سکتے، اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ ضروری

24

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کا قیدی اب “الطاف حسین پارٹ ٹو” بن چکا ہے، جبکہ فتنہ خان کو “بابائے آف شور کمپنیز” ہوتے ہوئے بھی صادق اور امین قرار دینا ایک سنگین سوال ہے۔ انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پاک بھارت جنگ کے دوران خاموشی کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ پاکستان کے ساتھ نہیں چل سکتے۔

عظمیٰ بخاری نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا فوری طبی معائنہ کرایا جائے تاکہ ان کی ذہنی کیفیت کا درست جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق خیبر پختونخوا میں صحت کا شعبہ ملک کا سب سے کرپٹ شعبہ ہے، جبکہ وہاں سکول اور ہسپتال بھی محدود ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور ایٹمی پروگرام قوم کی ریڈ لائن ہیں اور ان پر سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے بیرون ملک پراپیگنڈہ سیل کے ذریعے فوج اور ریاستی اداروں کے سربراہان کے خلاف منظم مہم چلانے، خیراتی فنڈز کے غیر قانونی استعمال اور ملک کے خلاف پراکسی سرگرمیوں پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین کی شقوں کا سبق پڑھانے والے خود آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے ہیں، اور اگر پی ٹی آئی اپنی روش سے باز نہ آئی تو پابندی یا گورنر راج جیسے اقدامات پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اداروں کا احترام ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے۔

Comments are closed.