پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں جدید مشق کے ذریعے آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کیا

26

کراچی، 10 جنوری 2026: پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک جامع مشق کے دوران جدید بحری جنگ کے تقاضوں کے مطابق اپنی جنگی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس مشق میں روایتی اور خودکار پلیٹ فارمز کو عملی طور پر استعمال کیا گیا اور جدید فضائی دفاعی نظام کی اہلیت کی تصدیق ہوئی۔
مشق کے دوران ورٹیکل لانچنگ سسٹم کے ذریعے LY-80(N) میزائل کو کامیابی سے فائر کیا گیا، جس نے طویل فاصلے پر فضائی اہداف کو نشانہ بنایا، اس سے پاک بحریہ کی مضبوط فضائی دفاعی صلاحیتیں ظاہر ہوئیں۔ مزید برآں، لوئٹرنگ میونیشنز کے ذریعے سطح سمندر پر موجود اہداف کو بھی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، جس سے جدید بحری جنگ میں ان کی افادیت واضح ہوئی۔
کھلے سمندر میں خودکار بحری جہاز کے کامیاب آپریشنز کے ذریعے خودکار بحری ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت کی گئی، جس سے مینوریبلٹی، درست نیویگیشن اور ہر طرح کے موسمی حالات میں آپریشن کی صلاحیت کی تصدیق ہوئی۔ خودکار ویسلز کم خطرے کے ساتھ خفیہ کاروائیوں کے لیے مؤثر حل فراہم کرتے ہیں۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس ایڈمرل عبدالمُنِیب نے مشق کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کے جدید سسٹمز کے مؤثر استعمال کا عملی مظاہرہ دیکھا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا اور ہر حالت میں پاکستان کے سمندری دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو دوہرایا۔

Comments are closed.