چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم کے مثبت ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے، اعظم نذیر تارڑ
راولپنڈی۔1جنوری :وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کر کی گئیں، ان ترامیم کے مثبت ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے، چھبیسویں اور ستائیسویں ترامیم کے بعد سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت میں نمایاں تیزی آئی ہے۔راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ جو لوگ چھبیسویں اور ستائیسویں ترامیم پر تنقید کر رہے ہیں درحقیقت انہوں نے ان ترامیم کو پڑھا اور سمجھا ہی نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان آئینی اصلاحات کا مقصد نظامِ انصاف کو مزید مؤثر اور تیز تر بنانا ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور ہائی کورٹ کو آمنے سامنے لانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر پراپرٹی ڈسپوزیشن قانون پر تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ افہام و تفہیم کر لی جائے گی۔وفاقی وزیر قانون نے کچہری پراجیکٹ کے دوران جن وکلاء کے چیمبرز متاثر ہوئے ان کے لئے فی چیمبر پانچ، پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلاء سب سے پہلے وکیل ہوتے ہیں۔ بعد ازاں ان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہوتا ہے، وزارتِ قانون کا فرض ہے کہ وہ تمام بارز اور وکلاء کو یکساں طور پر ٹریٹ کرے۔تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اسرار شہید یوتھ ہال، نیو وکلاء چیمبرز اور ایک مسجد کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔
Comments are closed.