وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم ڈویڑن سے متعلقہ امور پر اہم اجلاس ، قیمتی زرمبادلہ بچانے کیلئے تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کو حکومتی ترجیحات میں شامل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد۔10جنوری وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قیمتی زرمبادلہ بچانے کیلئے تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کو حکومتی ترجیحات میں شامل کرنے اور تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ڈیجیٹائز کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جمعرات کو پٹرولیم ڈویڑن سے متعلقہ امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیر پٹرولیم ڈویڑن علی پرویز ملک اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائز یشن سے ان مصنوعات کی سمگلنگ کی روک تھام ممکن ہو گی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔ اجلاس کو پٹرولیم و گیس سیکٹر کے روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل)نے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لئے ہیں۔ وزیراعظم نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد دی اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے کام کو سراہا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ان ذخائر سے یومیہ 4100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا۔ بریفنگ کے مطابق اس سال سردی کے موسم میں گھریلو صارفین کو پچھلے سال کی نسبت بہتر پریشر کے ساتھ گیس مہیا کی جا رہی ہے، آر ایل این جی کے کنکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے اور جون 2026 تک 350،000 کنکشنز کا ہدف مکمل کرلیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شیوا گیس فیلڈ اور بٹانی گیس فیلڈ کے لئے پائپ لائنز کو کمیشن کیا جا چکا ہے جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن پر کام جاری ہے
Comments are closed.