وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا حیدرآباد ہائی کورٹ میں وکلاء سے خطاب، آزاد عدلیہ اور آئینی جدوجہد پر زور
حیدرآباد، 10 جنوری 2026: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے حیدرآباد ہائی کورٹ میں وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ظلم کے خلاف، آزاد عدلیہ کی بحالی اور حقیقی آزادی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عوامی مینڈیٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے جعلی حکمران مسلط کیے گئے، جس سے جمہوری اقدار کو نقصان پہنچا، جبکہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت قائم ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدوجہد کسی فرد یا جماعت کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کو مضبوط بنانے، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ آئین کی مضبوطی اور عدالتی خودمختاری کے لیے منظم تحریک شروع کریں، اور اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف ہر کارکن کی مکمل حمایت فراہم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ میں وکلاء کا فعال کردار ناگزیر ہے تاکہ آئین شکن اقدامات کے سامنے مؤثر مزاحمت ممکن ہو۔
محمد سہیل آفریدی نے سندھ کے پانی کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ صوبوں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے فرنٹ فٹ پر رہی ہے۔ انہوں نے وکلاء کو خیبر پختونخوا کے دورے کی دعوت دی تاکہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور آئینی جدوجہد میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
Comments are closed.