خیبر پولو کپ جیتنے والی گلگت ٹیم کا باب گلگت پر شاندار استقبال
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گلگت، 10 جنوری 2026 – خیبر پولو کپ جیتنے والی گلگت کی فاتح پولو ٹیم کو باب گلگت میں شاندار اور پرتپاک استقبال سے نوازا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ گلگت بلتستان ساجد علی بیگ، صوبائی وزیر برائے کھیل، ثقافت و امور نوجوانان سید عادل شاہ، ڈپٹی کمشنر گلگت، عالمی شہرت یافتہ پولو کھلاڑی بلبل جان، ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ شاہ محمد اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
عوام کی بڑی تعداد نے ٹیم کا پرجوش استقبال کیا اور تاریخی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ شہریوں نے ٹیم کے حق میں نعرے لگائے اور گلگت بلتستان میں پولو جیسے روایتی کھیل کے فروغ پر خوشی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ ساجد علی بیگ نے کہا کہ حکومت کھیلوں کی ترقی، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز اور نوجوانوں کے لیے سہولیات کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ نوجوان قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ صوبائی وزیر کھیل سید عادل شاہ نے کہا کہ یہ کامیابی نوجوانوں کی محنت، جذبے اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور گلگت بلتستان میں پولو سمیت دیگر کھیلوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
Comments are closed.