اسلام آباد میں جعلی دودھ تیار کرنے والے 2 مرکزی ملزم گرفتار
🇵🇰 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 9 دسمبر — فوڈ اتھارٹی نے طویل ریکی کے بعد جی-10 اور جھنگی سیداں میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی دودھ تیار کرنے میں ملوث 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 15 ہزار لیٹر تیار جعلی دودھ، 225 کلو پاؤڈر اور 640 کلو آئل موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق ملزمان روزانہ کی بنیاد پر 35 ہزار لیٹر جعلی دودھ تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کر رہے تھے۔ ویجیلنس اور فوڈ سیفٹی
ٹیموں نے طویل نگرانی کے بعد گاڑیوں، سپلائرز اور یونٹ کا سراغ لگایا۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق ملزمان رہائشی علاقے میں کیمیکل پاؤڈر، پانی اور ویجیٹیبل گھی سے گاڑھا محلول تیار کر کے ٹینکروں میں برف کے ساتھ لوڈ کرتے تھے، جسے اصل
دودھ کے طور پر فروخت کیا جاتا تھا۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ ناکام رہے اور دودھ کا معیار مقررہ معیار کے مطابق نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ دودھ کے نام پر سفید محلول بیچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے، اور وفاق میں ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے سپلائرز کو ہدایت کی کہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کریں کیونکہ خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
Comments are closed.