اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ارکان اسمبلی کی عیادت اور مرحوم آغا سراج خان درانی کی رہائشگاہ پر فاتحہ خوانی

25

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ | اسلام آباد: 09 جنوری 2026
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور نعمان اسلام شیخ کی عیادت کے لیے ان کی رہائشگاہوں کا دورہ کیا اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔
اسپیکر نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ ایک سینئر، تجربہ کار اور فعال رکن قومی اسمبلی ہیں اور جلد صحت یاب ہو کر قومی اسمبلی کی کارروائیوں میں اپنا مؤثر کردار دوبارہ ادا کریں گے۔ سید خورشید احمد شاہ اور نعمان اسلام شیخ دونوں نے اسپیکر کے دورے، خیرسگالی اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیف وہپ اور رکن قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی بھی موجود تھے۔ اسپیکر نے نعمان اسلام شیخ کے لیے اللہ تعالیٰ سے جلد صحتیابی کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ وہ عنقریب قومی اسمبلی کی کارروائیوں میں فعال کردار ادا کریں گے۔
بعد ازاں اسپیکر نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور سینئر سیاستدان مرحوم آغا سراج خان درانی کی رہائشگاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے آغا شہباز خان درانی سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اسپیکر نے مرحوم کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی ایوان کی کارروائی غیرجانبداری اور عدل کے ساتھ چلائی اور ایک مثالی کردار ادا کیا۔
اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم آغا سراج خان درانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل نصیب ہو۔

Comments are closed.