وزیراعظم شہباز شریف کی باکو میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق

12

 باکو۔8نومبر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یہاں آذربائیجان کے یوم فتح کی پریڈ کے موقع پر صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے صدر اردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کوترکیہ کے یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی اور پاکستان-ترکیہ دوستی کے ایک طویل پرجوش تقریبات کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہیں۔ وزیراعظم نے ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کی سطح پر روابط پر مشتمل ایک وسیع شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ اس حوالے سے یہ طے پایا کہ ترکیہ کا ایک وزارتی وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور خطے اور وسیع تر مسلم دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا

Comments are closed.