ماسٹر کالونی سرکی کلاں میں پانی کا شدید بحران — سرکاری ٹیوب ویل دو ماہ سے بند، علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

18

سکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ
ماسٹر کالونی سرکی کلاں کے رہائشی گزشتہ دو ماہ سے پانی کی سنگین قلت کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ علاقے کا واحد سرکاری ٹیوب ویل طویل عرصے سے خراب پڑا ہے، جس کی مرمت کے لیے نہ متعلقہ حکام نے کوئی عملی قدم اٹھایا ہے اور نہ ہی منتخب نمائندوں نے عوامی مسائل پر توجہ دی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ٹیوب ویل کی بندش کے بعد لوگوں کو پرائیویٹ ٹینکرز پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے جو موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پانی کے من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ ٹینکر مافیا نے نرخوں میں بے تحاشا اضافہ کر رکھا ہے جس کے باعث عام شہری، خصوصاً غریب طبقہ، شدید متاثر ہے۔

رہائشیوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ محکمہ اور حلقہ ایم پی اے کو ٹیوب ویل کی مرمت کے لیے درخواستیں دی گئیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث علاقے میں پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور محلہ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے۔

اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ٹیوب ویل کی فوری مرمت کر کے پانی کی فراہمی بحال کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور روزمرہ زندگی معمول پر آسکے۔

Comments are closed.