آئی فون 18 کی لانچنگ سے قبل آئی فون 17 کی قیمتوں میں بڑی کمی

0

آئی فون 18 سیریز کی متوقع لانچنگ سے قبل آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں مختلف ممالک میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 18 اور نئے فولڈ ایبل آئی فون کی رونمائی 9 ستمبر کو متوقع ہے۔ نئی سیریز کی آمد سے قبل مختلف ممالک کے ریٹیلرز نے آئی فون 17 سیریز کا اسٹاک ختم کرنے کے لیے خصوصی ڈسکاؤنٹ سیلز شروع کر دی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایمیزون نے آئی فون 17 سیریز پر رعایت مزید بڑھا دی ہے۔ آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت لانچ پرائس کے مقابلے میں 150 پاؤنڈ یعنی 56 ہزار پاکستانی روپے سے زائد کم کی گئی ہے جبکہ بنیادی آئی فون 17 کی قیمت میں بھی 100 پاؤنڈ یعنی 37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔

اسی طرح آئی فون ایئر کے 512 جی بی ماڈل کی قیمت میں 200 پاؤنڈ یعنی ایک لاکھ 12 ہزار پاکستانی روپے سے زائد کمی کی گئی ہے۔

یورپی ممالک میں بھی آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں 100 سے 150 یورو یعنی تقریباً 32 ہزار سے 50 ہزار پاکستانی روپے تک کمی دیکھی گئی ہے۔

فوربز کے مطابق 9 ستمبر کو آئی فون 18 سیریز کے اعلان کے بعد موجودہ ماڈل کے آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کو مارکیٹ سے بند کیے جانے کا امکان ہے۔ ایسے میں موجودہ ڈسکاؤنٹس صارفین کے لیے آئی فون 17 پرو خریدنے کا آخری موقع ثابت ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 پرو کی قیمت موجودہ ماڈلز کے مقابلے میں 100 سے 200 امریکی ڈالر زیادہ ہو سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.