پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 1009 ٹریفک حادثات، 10 ہلاک اور 1137 زخمی

20

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق:
لاہور، 8 جنوری 2026
پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122) کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے 37 اضلاع میں 1009 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1137 زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والوں میں سے 452 افراد کی حالت تشویشناک تھی جنہیں فوری طور پر نزدیکی ہسپتالوں منتقل کیا گیا، جبکہ 685 افراد کو موقع پر ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق حادثات میں سب سے زیادہ حصہ (70 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کا تھا۔ ریسکیو ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور لائن و لین کے نظم و ضبط کو یقینی بنائیں تاکہ حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کیا جا سکے۔
مزید تفصیلات کے مطابق حادثات میں 672 ڈرائیورز، 45 کم عمر ڈرائیورز، 335 مسافر اور 140 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور میں 198 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 225 افراد متاثر ہوئے، فیصل آباد میں 79 حادثات اور 95 متاثرین، جبکہ ملتان میں 68 حادثات اور 65 متاثرین ریکارڈ کیے گئے۔
زخمی ہونے والوں میں 972 مرد اور 175 خواتین شامل ہیں، جبکہ 156 متاثرین کی عمر 18 سال سے کم، 658 افراد 18 تا 40 سال اور 333 متاثرین کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔ حادثات میں استعمال ہونے والی گاڑیوں میں 997 موٹر سائیکل، 85 آٹو رکشے، 149 کاریں، 26 وین، 17 مسافر بسیں، 33 ٹرک اور 124 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔
ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ روڈ سیفٹی کے لیے ٹریفک قوانین کی سختی سے پاسداری کریں اور حادثات سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل کریں۔

Comments are closed.