اقوام متحدہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرے، وزیر خارجہ
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرے۔امریکی افواج پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد سرکاری نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہش مند ہے اور اسے برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا کیونکہ خطہ کسی نہیں جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سے خطے کے مفاد میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق کی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا گیا تھا اس پر امریکا نیردعمل بھی دیا تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت معاملات بگڑ رہے ہیں کشیدگی آر ہی ہے اور ان حالات میں بردباری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کو جذبات میں آنے کی ضرورت نہیں ہے جذباتی ردعمل خطے اور اس سے دوچار ہونے والے ممالک کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق کی صورتحال نازک ہوسکتی ہے وہاں کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے، وہ پہلے ہی 2018 کے انتخابات کے بعد معاشی مشکلات سمیت مختلف مسائل سے دوچار ہے۔