یومِ حقِ خودارادیت: مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی بھرپور احتجاجی ریلی

27

مظفرآباد، 5 جنوری:
یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام مظفرآباد میں ایک شاندار، پُرامن اور بھرپور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی شہید افضل گورو چوک دومیل سے شروع ہوئی، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر، سیکرٹری اطلاعات حریت کانفرنس مشاق احمد بٹ، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر قریشی، ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر، سمیعہ ساجد (چیئرپرسن خواتین ونگ)، سینئر حریت رہنما سید گلشن، سید مشتاق حسین، مشتاق الاسلام، منیر کونشی، محمد رمضان، انجینئر عبد الحمید، سید کرامت سبزواری، ایڈووکیٹ سردار رمضان سمیت حریت قائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، مہاجرینِ کشمیر، طلبہ، وکلاء، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ریلی کے دوران فضا کشمیر کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی۔ مقررین نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ نے کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کا حق دیا، تاہم 78 برس گزرنے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر فوری عملدرآمد کرایا جائے۔
ریلی کے اختتام پر یومِ حقِ خودارادیت کی قرارداد اقوامِ متحدہ کے مبصر مشن کو پیش کی گئی، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔

Comments are closed.