نوجوانوں کو انتہا پسندی، عدم برداشت اور نفرت جیسے منفی رحجانات سے محفوظ رکھنا وقت کی ضرورت ہے، احسن اقبال
اسلام آباد۔5دسمبر :وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں تیز رفتار ترقی کے لئے امن کی موٹروے تعمیر کرنا ہو گی ،امن کا قیام ترقی کی بنیادی کنجی ہے ،کوئی بھی معاشرہ پائیدار ترقی اور امن و ہم آہنگی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔جمعہ کو پیس اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاحسن اقبال نے کہا کہ اسلام امن، بھائی چارے اور رواداری کا مذہب ہے ،پاکستان کے نوجوانوں کو انتہا پسندی، عدم برداشت اور نفرت جیسے منفی رحجانات سے محفوظ رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی ایک کثیرالجہتی مسئلہ ہے جس کے سیاسی، معاشی، سماجی، مذہبی، لسانی اور علاقائی پہلو ہیں، جب تک اصل محرکات اور اسباب کو نہیں سمجھا جائے گا اس کا دیرپا حل ممکن نہیں۔وزیر منصوبہ بندی نے زور دیا کہ مکالمہ، برداشت اور سننے کا حوصلہ ہی معاشرے میں اتفاقِ رائے اور ہم آہنگی پیدا کر سکتا ہے،دنیا کے کامیاب تجربات سے سیکھتے ہوئے پاکستان کو اپنے حالات کے مطابق بہتر اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا پروگرام “اڑان پاکستان” نوجوانوں کو رواداری، مثبت سوچ اور قومی یکجہتی کی جانب رہنمائی فراہم کرتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ امن، سماجی یکجہتی اور معاشی ترقی پاکستان کے سنہرے مستقبل کی اصل کنجیاں ہیں، حکومت ترقیاتی منصوبوں کو امن کے فروغ اور علاقائی ہم آہنگی سے جوڑ رہی ہے تاکہ ترقی کے مواقع بڑھیں اور محرومیاں دور ہوں۔
Comments are closed.