بھارتی میڈیا کو جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا، اڈیالہ کے باہر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطائ اللہ تارڑ کی پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد۔5دسمبر :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطائ اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کو جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا، اڈیالہ جیل کے باہر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، جو بھی جیل رولز کی خلاف ورزی کرے گا اسے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی۔ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا، انہیں شرم کرنی چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے سینئر صحافیوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے، انہوں نے چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا ہوا تھا، پورے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کو آج قوم کے سامنے شرمسار ہونا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہوا ہے، پاکستان نے سٹرکچرل تبدیلیاں کر کے دشمن کو خوفزدہ کر دیا ہے، تمام فورسز کی متحدہ کمانڈ قائم کی گئی ہے، اس سے ہمیں جنگ میں فتح ملی، ہم نے مشرقی اور مغربی سرحدوں کو مضبوط کیا، دشمن کو شکست دی، آئندہ دشمن جرات نہیں کرے گا۔
Comments are closed.