کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا

17

میرپور(پی آئی ڈی)05جون- کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپوریاسر ریاض نے دفتر کمشنر میں بذاتِ خود شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز اور ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر ناصر رفیق نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر میرپور ڈویژن نے عید کے دوران مویشی منڈیوں کے بہتر انتظام و انصرام کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کیں۔ کمشنرمیرپور نے مزید فرمایا کہ مویشیوں کے ساتھ کسی قسم کی بدسلوکی یا اذیت غیر قانونی عمل ہے اور ”انسدادِ بے رحمی جانوراں قانون 2014” کی دفعہ 17 کے تحت اس پر تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ کمشنر چوہدری مختار حسین نے مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور ٹھیکیداروں کو سایہ دار جگہیں، ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور چارے کا معقول بندوبست فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی۔ کمشنر میرپور نے ڈویژن کے زیر انتظام جملہ اضلاع میں قصابوں کے لیے سرکاری نرخ نامہ جاری کرنے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے، منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی اور عید کے دوران عوامی مقامات، پارکس اور جھولوں پر مکمل سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کی ہدایات بھی دی گئیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر پرائس کنٹرول یقینی بنانے کے لیے مجسٹر یٹ بازاروں کی پڑتال کریں اورعید کی خریداری کے سلسلے میں بازاروں میں سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔انھوں نے مزید ہدایت کی کہ عید الا ضحیٰ کے اجتماعات کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تخفظ یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات روقت اٹھائے جائیں۔انھوں نے ہدایت کی بلد یاتی ادارے عید قربان پر شہریوں کے صفائی ستھرائی کاعمل یقینی بنائیں۔اجلاس کا مقصد عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا، قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اور امن و امان کا قیام تھا۔

Comments are closed.