سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری نظام کا نفاذ، شفافیت کی جانب اہم قدم
سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری نظام کا نفاذ، شفافیت کی جانب اہم قدم
گلگت- حکومت گلگت بلتستان نے گورننس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں ایک نمایاں قدم اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری نظام نافذ کر دیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت حالیہ سیکریٹریز کمیٹی اجلاس میں تمام انتظامی سیکریٹریز اور سینئر افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ سرکاری نظام میں جامع اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے سمیت بائیو میٹرک حاضری، جیو فینسنگ،اور انٹرنیٹ سے منسلک ایپلیکیشنز کے ذریعے دفتری نظم و نسق میں جدت لائیں۔اس حوالے سے سیکریٹری S&GAD عثمان احمد نے بتایا کہ یہ نظام ملازمین کی ذمہ داری میں اضافہ اور جزا و سزا کے عمل کو شفاف بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے مذید کہا کہ بائیو میٹرک نظام اور ای-فائلنگ کے امتزاج سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی، بلکہ غیر حاضر یا غیر فعال عملے کی نشاندہی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ڈائریکٹر PMRU، ڈاکٹر ادریس احمد نے بھی اس سے متعلق کہا کہ تمام ملازمین کے انفرادی لاگ اِن آئی ڈیز جاری کی جا چکی ہیں۔ملازمین، دفتر کے احاطے میں داخل ہوتے ہی مخصوص موبائل ایپ کے ذریعے اپنی حاضری درج کریں گے، جس میں جیو فینسنگ کے ذریعے ان کی موجودگی کی تصدیق کی جائے گی۔ اس عمل سے حاضری کے نظام کی شفافیت اور اعتبار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ اقدام گلگت بلتستان حکومت کی بہتر طرزِ حکمرانی اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے۔
Comments are closed.