ہم بیانیہ کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارا بیانیہ ایک بھرپور جواب کی صورت میں ہے، ہمارا ہدف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا سیمینار سے خطاب

20

اسلام آباد۔3نومبر :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم بیانیہ کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارا بیانیہ ایک بھرپور جواب کی صورت میں ہے، ایک طرف جھوٹا بیانیہ پھیلایا گیا جبکہ دوسری طرف واضح حقائق نے دنیا کی آنکھیں کھول دیں، وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں معاشی سٹریٹجک فریم ورک کا اجرا انتہائی اہم پیشرفت ہے، اب ہمارا ہدف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیر اہتمام ”پاکستان کی سفارتی کامیابیاں“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے، کوشش اور محنت سے ہم نے سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے سفارتی محاذ پر کام کرنے والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کی فارن سروس سب سے بہترین ہے، ہماری فارن سروس روایات کو بخوبی آگے بڑھا رہی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن سروس کے افسران نے ہمیشہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے، سفارت کاری ایک فن ہے جو صرف سیکھنے سے نہیں بلکہ تجربے اور محنت سے آتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان بھی پاکستان نے اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2025ءمیں پاکستان پر دہشت گردی کو فروغ دینے کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے فوری بعد پاکستان پر الزام عائد کر دیا گیا جبکہ حقیقت میں پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت کو پہلگام واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جب دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو ہماری مسلح افواج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے اپنے سے چار گنا بڑی طاقت کو شکست فاش دی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہماری فضائیہ کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دوست ممالک نے بھی پاکستان کے موقف کی تائید کی جبکہ ہماری سفارتی کوششوں کے باعث پوری دنیا سے ہمیں بھرپور حمایت ملی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح جارحیت کا مرتکب رہا ہے اور ابھی تک پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ نے بھارت کے لئے جاسوسی کرنے والے ملاح کو گرفتار کیا جس نے بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کی پوری کہانی دنیا کے سامنے رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا تھا تو پاکستان میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ نے دنیا کی توجہ حاصل کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم بیانیے کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارا بیانیہ ایک بھرپور جواب کی صورت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جھوٹا بیانیہ ہے اور دوسری طرف واضح حقائق نے بھارت کے بارے میں دنیا کی آنکھیں کھول دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ابھی تک پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہوا۔ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وفاقی و زیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں معاشی سٹریٹجک فریم ورک کا اجرا انتہائی اہم پیشرفت ہے، اب ہمارا ہدف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول و عسکری قیادت میں ہم آہنگی ہے، اسی وجہ سے پاکستان ہر میدان میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ مضبوط روابط اور تجارت کے لئے پاکستانی بندرگاہوں کا استعمال ہماری ترجیح ہے، ہم نے معاشی میدان میں نئی بلندیوں کو چھونا ہے، دوست ملکوں کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے ہیں۔

Comments are closed.