سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 1,589 نئے کیسز رپورٹ، دو اموات کی تصدیق
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کراچی، 3 نومبر: محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5,978 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1,589 کے نتائج مثبت آئے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی ڈویژن میں 4,444 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 876 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 1,534 ٹیسٹوں میں سے 713 مثبت کیسز سامنے آئے۔
سیکریٹری صحت سندھ ریحان بلوچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 نئے مریض سرکاری اسپتالوں اور 92 مریض نجی اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ اس دوران 126 مریض سرکاری جبکہ 97 مریض نجی اسپتالوں سے صحت یاب ہو کر فارغ ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے دو اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔
فی الوقت 210 مریض سرکاری اسپتالوں اور 183 مریض نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ڈینگی مریضوں کے لیے سرکاری اسپتالوں میں مجموعی طور پر 976 بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جن میں 256 کراچی، 155 حیدرآباد اور 565 دیگر اضلاع میں ہیں۔
اسی طرح نجی اسپتالوں میں 406 بیڈز مخصوص کیے گئے ہیں، جن میں 156 کراچی، 184 حیدرآباد اور 66 دیگر اضلاع میں شامل ہیں۔
سیکریٹری صحت نے مزید بتایا کہ کراچی میں 36 لیبارٹریز (11 سرکاری اور 25 نجی) ڈینگی ٹیسٹ کر رہی ہیں جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 17 لیبارٹریز (6 سرکاری اور 11 نجی) فعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ صوبے بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مسلسل نگرانی، اسپرے مہمات اور ویکٹر کنٹرول اقدامات کو مزید مؤثر بنا رہا ہے۔
Comments are closed.