پی ٹی آئی سندھ کے وفد کی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات، عمران خان رہائی تحریک پر اظہار یکجہتی

21

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 2 نومبر 2025ء

پی ٹی آئی سندھ کے وفد کی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات، عمران خان رہائی تحریک پر اظہار یکجہتی

پی ٹی آئی سندھ کا ایک کثیر رکنی وفد، جس میں کارکنان اور عمران خان رہائی تحریک کے کنوینئرز شامل تھے، نے آج پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سندھ سے رکن قومی اسمبلی سیف الرحمن نے کی جبکہ رکن صوبائی کابینہ مزمل اسلم بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ذاتی خرچ پر ملاقات کے لیے آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کارکنان کا یہ جذبہ عمران خان سے والہانہ محبت کا عکاس ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا، “ہم سب کی اولین ترجیح اپنے قائد عمران خان کی رہائی ہے۔ کارکنان حوصلے بلند رکھیں اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ ان شاء اللہ، مشترکہ لائحہ عمل کے تحت عمران خان کو رہا کرائیں گے۔”

وفد کے اراکین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بننے سے کارکنان میں نئی امید پیدا ہوئی ہے اور ان کی ایک ہی خواہش ہے کہ قائد کو رہا کرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھر سے کارکنان اور عوام کی امیدیں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے وابستہ ہیں اور وہ اس مقصد کے لیے فرنٹ لائن پر کردار ادا کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفد کی دعوت پر سندھ کا دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ دورے کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

Comments are closed.