اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ’صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن‘ پر پیغام — آزادیٔ صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد | 2 نومبر 2025ء

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ’صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن‘ پر پیغام — آزادیٔ صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ’صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صحافت ریاست کا اہم ستون اور جمہوریت کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران تشدد، دھمکیوں اور خطرات کا سامنا کر رہے ہیں، جب کہ کئی صحافیوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے صحافیوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ اسپیکر نے غزہ، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اور بھارتی افواج کی جانب سے صحافیوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق اور آزادیٔ صحافت کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

سردار ایاز صادق نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کے خلاف جرائم کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات آزادیٔ اظہار کو دبانے اور حقائق کو چھپانے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ’رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017‘ پارلیمان کے ٹرانسپیرنسی اور شفاف طرزِ حکمرانی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان آزادیٔ صحافت اور عوامی معلومات تک رسائی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافیوں کو بلا خوف و خطر فرائض کی انجام دہی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ اور استحکام میں صحافتی برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے، اور پارلیمان ہر فورم پر صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

Comments are closed.