سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن پشاور میں دھماکہ — ایک اہلکار شہید، دو زخمی، شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کا شبہ

16

پشاور میں سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) پولیس اسٹیشن میں اتوار کی صبح اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جو مبینہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ لگنے کے بعد گودام میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے زوردار دھماکوں اور فائرنگ جیسی آوازوں سے علاقہ گونج اٹھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پولیس اسٹیشن کے اسلحہ و بارودی مواد کے کمرے میں پیش آیا، جہاں پرانا مواد موجود تھا۔ آگ نے دیگر گولہ بارود کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث مزید دھماکے ہوتے رہے۔

آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں کے دوران ایک پولیس اہلکار بلال شہید ہوگیا، جب کہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے ایک کو سی ایم ایچ اور دوسرے کو لیڈی ریڈنگ اسپتال (LRH) منتقل کیا گیا، جہاں بلال اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کا کوئی عنصر سامنے نہیں آیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ حادثاتی نوعیت کا ہے جو پرانے بارودی مواد کے پھٹنے سے پیش آیا۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جب کہ تمام قیدیوں کو لاک اپ سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل یونٹ (BDU)، ریسکیو 1122، اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

سی سی پی او پشاور موقع پر موجود ہیں اور واقعے کی تحقیقات کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

Comments are closed.