اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، 11 کروڑ روپے مالیت کی 108 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد

22

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، یکم نومبر 2025

اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، 11 کروڑ روپے مالیت کی 108 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ مختلف آپریشنز میں پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 108.61 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق نارتھ ناظم آباد کراچی میں یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران 36 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، گرفتار ملزم نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک پارسل سے آٹا گوندھنے والی مشین کے اندر چھپائی گئی 1.726 کلوگرام آئس اور 480 ایکسٹیسی گولیاں (0.218 کلوگرام) برآمد ہوئیں۔

گلبرگ لاہور کے کوریئر دفتر سے دبئی بھیجے جانے والے پارسل میں جوتوں میں چھپائی گئی 70 گرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ سہراب گوٹھ کراچی میں بس ٹرمینل کے قریب ایک گاڑی سے 45.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا۔

شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 25 کلوگرام افیون برآمد ہوئی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق فورس منشیات کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک منشیات سرگرمیوں کی اطلاع فورس کی ہیلپ لائن پر دیں تاکہ منشیات سے پاک پاکستان کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔

Comments are closed.