کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے عید الضحی کے موقع پر ڈویژن میرپور کے مختلف علاقوں میں لگائی گئی منڈی مویشیاں میں آزاد جموں و کشمیر انسداد بے رحمی جانوراں قانون مجریہ 2014 کی دفعہ 17 کے تحت جانوروں کے لئے سایہ،پانی اور خوراک کے انتظام و انصرام پر عملدرآمد کرنے کے لئے ہدایات دے دیں

19

میرپور(پی آئی ڈی) یکم جون- کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے عید الضحی کے موقع پر ڈویژن میرپور کے مختلف علاقوں میں لگائی گئی منڈی مویشیاں میں آزاد جموں و کشمیر انسداد بے رحمی جانوراں قانون مجریہ 2014 کی دفعہ 17 کے تحت جانوروں کے لئے سایہ،پانی اور خوراک کے انتظام و انصرام پر عملدرآمد کرنے کے لئے ہدایات دے دیں۔ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے کہا گیاکہ وہ  مجسٹریٹ صاحبان کے ذریعے منڈیوں میں قانون کے مطابق جانوروں کے حقوق پر عملدرآمد کروائیں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے منڈیوں میں شدید گرمی کی صورتحال کے پیش نظر جانوروں کے لئے سایہ،خوراک اور پانی کا معقول انتظام نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئیمیرپور،کوٹلی اور بھمبر کے ڈپٹی کمشنرز صاحبان کو ہدایات کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں عید الضحی کے دوران قائم منڈی مویشیوں میں  میں لائے جانے والے جانوروں کے حقوق کے حوالے سے انتظام وانصرام کو یقینی بنائیں مشاہدہ میں آیا ہے کہ عید الضحی کے موقع پر قائم کی جانیوالی مویشی منڈیوں میں کچھ بیو پاری آزاد کشمیر جموں و کشمیر انسداد بے رحمی جانوراں قانون مجریہ 2014 کے مطابق خرید و فروخت کے لئے منڈیوں میں لائے جانیوالے قربانی کے جانوروں کی سہولت اور آسانی کا خیال نہیں رکھتے۔ جس سے مویشی اذیت و تکلیف کا شکار ہوتے ہیں، جو خلاف قانون عمل ہے۔ لہذا متذکرہ انسداد بے رحمی جانوراں ایکٹ کی روشنی میں مال مویشیوں کی سہولت و آسائش کے لئے مجسٹریٹ صاحبان کے ذریعے تمام مویشی منڈیوں میں ٹھیکیداروں اور بیوپاریوں کو پابند بنایا جائے کہ گرمی کے موجودہ موسم کی شدت کا لحاظ رکھتے ہوئے مال مویشیوں کے لئے سایہ دار جگہ، پینے کے ٹھنڈے پانی اور چارے کا معقول انتظام یقینی بنائیں۔ بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف متذکرہ قانون کی دفعہ 17 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آزاد جموں و کشمیر انسداد بے رحمی جانوراں قانون مجریہ، 2014 کی دفعہ 17 رو سے یہ لازم قرار دیا گیا ہے کہ ہر منڈی میں مویشیوں کے لئے معقول سایہ دار جگہ، پینے کے پانی اور چارے کی دستیابی کا انتظام یقینی بنایا جائے گا۔ اس دفعہ کی خلاف ورزی کی صورت میں تین سال سزائے قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی جاسکتی ہے۔ ذی روح مویشیوں کی سہولت اور آسائش کی خاطر قانون پر عملدرآمد یقینی بنائے جانے کے لئے خصوصی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

Comments are closed.