فن مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کی 69ویں سالگرہ منائی گئی
لاہور( این این آئی )فن مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کی 69ویں سالگرہ منائی گئی ۔معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔انہوںنے 1966ء میں 16سال کی عمر میں پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا، معین اختر کی وجہ شہرت کسی ایک شعبے کی مرہون منت نہیں تھی بلکہ وہ فن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ تھے۔انہوں نے بحیثیت اداکار، گلوکار، صداکار، مصنف، میزبان اور ہدایت کار اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا، ان کے مشہورٹی وی ڈراموں میں روزی، آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی ،ہاف پلیٹ اور عید ٹرین نمایاں ہیں۔ان کے مشہور اسٹیج ڈراموں میںبچا ئومعین اخترسے، ٹارزن معین اختر، بے بیا معین اختر، بکرا قسطوں پر، بایونک سرونٹ، بس جانے دو معین اخترقابل ذکر ہیں۔مادری زبان اردو ہونے کے باوجود آپ کو انگریزی، سندھی، پنجابی، پشتو، ہندی، بنگالی، گجراتی سمیت دیگر زبانوں پر مہارت حاصل تھی جو آپ کی ذہانت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے 1974ء میں فلم تم سا نہیں دیکھا کے علاوہ مسٹر کے ٹو اور مسٹر تابعدار میں کام کیا۔بالی ووڈ کے شہنشاہ دلیب کمار اور امیتابھ بچن بھی آ پ کے فنکاری کے مداح تھے۔معین اختر پہلے پاکستانی فنکار ہیں جن کے مجسمے کو لندن مشہور مومی عجائب گھر مادام تسا میں نصب کرنے کی منظوری دی گئی ،اس کے علاوہ معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔پاکستان کی پہچان بننے والے معین اختر کا انتقال 22 اپریل2011 کو کراچی میں ہوا مگر وہ اپنے مداحوں کے دل میں آج بھی زندہ ہیں۔