ٹویوٹا ’یارس‘ کا 2027 ماڈل متعارف، نئے فیچرز کیا ہیں؟
جاپانی کار ساز کمپنی ٹویوٹا نے ملائیشیا میں اپنی مقبول ہیچ بیک گاڑی ’یارس‘ کا 2027 ماڈل متعارف کرا دیا ہے، جس میں بیرونی ڈیزائن کے ساتھ ساتھ گاڑی کے اندر بھی چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ملائیشیا میں ٹویوٹا گاڑیوں کی فروخت کرنے والی کمپنی ’یو ایم ڈبلیو ٹویوٹا موٹر‘ کے مطابق نئے یارس کے دو ویریئنٹس، 1.5 ای اور 1.5 جی، پیش کیے گئے ہیں۔
نئی ٹویوٹا یارس میں سب سے نمایاں تبدیلی اس کے فرنٹ ڈیزائن میں نظر آتی ہے۔ گاڑی کے اگلے حصے کو نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔
فرنٹ بمپر، نئے ایل ای ڈی ہیڈ لیمپس کے ساتھ ساتھ ایل ای ڈی ڈے ٹائم رننگ لائٹس دی گئی ہیں۔ دونوں ویریئنٹس میں اب پروجیکٹر ہیڈ لیمپس فراہم کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ نئے ڈیزائن کے 16 انچ الائے ویلز بھی دیے گئے ہیں۔
کمپنی نے گاڑی کے لیے ایک اختیاری ایرو کٹ بھی متعارف کرائی ہے، جس میں فرنٹ ڈفیوزر، سائیڈ اسکرٹس اور پچھلے بمپر کے نچلے حصے میں اضافی ڈیزائن شامل ہیں۔
ملائیشیا میں ’یارس‘ کے نئے ماڈل کے 1.5 ای ویریئنٹ کی قیمت 90 ہزار 400 ملائیشین رنگٹ جب کہ 1.5 جی کی قیمت 96 ہزار 400 رنگٹ مقرر کی گئی ہے۔ یہ قیمتیں انشورنس کے بغیر ہیں۔
گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 1.5 ای کی قیمت میں 2 ہزار 400 رنگٹ جب کہ 1.5 جی کی قیمت میں 4 ہزار 800 رنگٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
انٹیریئر اور ٹیکنالوجی میں تبدیلیاں
گاڑی کے اندرونی حصے میں سب سے اہم اضافہ نو انچ کا نیا ڈسپلے آڈیو سسٹم ہے، جو وائرلیس ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کو سپورٹ کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ڈرائیور کے لیے 4.2 انچ کا ملٹی انفارمیشن ڈسپلے بھی دیا گیا ہے۔
دونوں ویریئنٹس میں دیگر سہولیات پہلے جیسی ہیں۔ 1.5 ای میں مینوئل جبکہ 1.5 جی میں آٹومیٹک ایئر کنڈیشننگ دی گئی ہے۔ آڈیو سسٹم کے لیے بالترتیب چار اور چھ اسپیکرز فراہم کیے گئے ہیں۔
گاڑی میں وائرلیس اسمارٹ فون چارجر اور پچھلی نشستوں کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹس بھی موجود ہیں۔
پارکنگ سینسرز متعارف
نئے ماڈل میں انجن اور ٹرانسمیشن کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دونوں ویریئنٹس میں 1.5 لیٹر کا 2NR-FE نیچرل ایسپریٹڈ پیٹرول انجن دیا گیا ہے، جو 107 ہارس پاور اور 140 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس انجن کے ساتھ سی وی ٹی ٹرانسمیشن دی گئی ہے۔ حفاظتی سہولیات میں سات ایئر بیگز، پری کولژن سسٹم، لین ڈیپارچر الرٹ، تھری ڈی پینورامک ویو مانیٹر، بلائنڈ اسپاٹ مانیٹر اور ریئر کراس ٹریفک الرٹ شامل ہیں۔
نئے ماڈل میں ایک اہم تبدیلی پارکنگ سینسرز کی صورت میں بھی کی گئی ہے۔ اب 1.5 ای ویریئنٹ میں بھی اگلے اور پچھلے دونوں حصوں کے لیے پارکنگ سینسرز فراہم کیے گئے ہیں، جب کہ پہلے اس میں فرنٹ پارکنگ سینسرز موجود نہیں تھے۔
کیا نئی ٹویوٹا یارس ہیچ بیک پاکستان میں بھی آئے گی؟
پاکستان میں ٹویوٹا یارس سیڈان پہلے ہی مقامی طور پر اسمبل اور فروخت کی جاتی ہے، تاہم ملائیشیا میں متعارف کروائی گئی یارس ہیچ بیک اس سے مختلف گاڑی ہے۔
پاکستان میں ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کی جانب سے فی الحال ملائیشیا میں متعارف کروائی گئی یارس ہیچ بیک کو پاکستانی مارکیٹ میں لانے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
اس لیے ملائیشیا میں نئے ماڈل کی رونمائی کو پاکستان میں اس گاڑی کی آمد کی تصدیق نہیں سمجھا جا سکتا۔
البتہ نئے ماڈل میں ڈیزائن، انفوٹینمنٹ سسٹم اور حفاظتی سہولیات کی بہتری سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹویوٹا جنوب مشرقی ایشیا کی مارکیٹ میں اپنی چھوٹی ہیچ بیک گاڑیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
