ایرانی عوام کو بھوکا رکھنے کی امریکی دھمکی جنگی جرائم کا اعتراف ہے، اسماعیل بقائی
ایکس پر جاری بیان میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ماضی کی ناکامیوں سے سبق سیکھنے کو تیار نہیں، ایران کے خلاف جنگ امریکی انتخابی شکست کی بڑی وجہ بنی، جبکہ امریکی انتظامیہ اپنی جنگی اور سیاسی ناکامی چھپانے کے لیے فتح کا بیانیہ اپنا رہی ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے ایران پر وسیع معاشی پابندیاں عائد کیں اور جوہری معاہدے سے یکطرفہ دستبرداری اختیار کی، 1953 میں سی آئی اے کی حمایت سے ایران میں حکومت کا تختہ الٹا گیا، جبکہ امریکا نے نو ماہ سے بھی کم عرصے میں دو مرتبہ ایران پر حملہ کیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا نے سفارتی مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی، امریکی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور اعلیٰ حکام کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ خواتین اور بچے بھی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران کے اہم بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا اور جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کیا، امریکا ایران کے خلاف تاریخی دشمنی اور فوجی جارحیت کا ذمہ دار ہے۔
