واٹس ایپ میں ٹیکسٹ میسجز کےلیے نیا فیچر، صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا
واٹس ایپ صارفین کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ اب تصاویر اور ویڈیوز کے بعد ٹیکسٹ پیغامات کے لیے بھی ’ویو ونس‘ (View Once) فیچر متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت پیغام صرف ایک مرتبہ دیکھا جاسکے گا اور اس کے بعد خودکار طور پر غائب ہوجائے گا۔
واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کے لیے یہ سہولت متعارف کرائی تھی تاکہ صارفین کی نجی معلومات محفوظ رہیں اور ایپ کی میموری پر بھی غیر ضروری بوجھ نہ پڑے۔ اس فیچر کے ذریعے بھیجی گئی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھولنے کے بعد چیٹ سے غائب ہوجاتی ہے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں ٹیکسٹ میسجز کے لیے بھی ویو ونس کا آپشن شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین ایسے پیغامات بھیج سکیں گے جو وصول کرنے والا ایک بار پڑھنے کے بعد دوبارہ نہیں دیکھ سکے گا۔
اس سہولت کو خاص طور پر پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات یا دیگر حساس معلومات شیئر کرنے کے لیے مفید قرار دیا جارہا ہے۔ واٹس ایپ نے تصاویر اور ویڈیوز کے لیے یہ فیچر متعارف کراتے وقت بھی کہا تھا کہ اسے وائی فائی لاگ اِن کی معلومات سمیت نجی تفصیلات بھیجنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایپ میں پہلے سے ’ڈس اپیئرنگ میسجز‘ کا آپشن موجود ہے، جس کے ذریعے پیغامات ایک مخصوص مدت کے بعد خود بخود حذف ہوجاتے ہیں۔ تاہم نیا ویو ونس فیچر پوری چیٹ کے بجائے کسی ایک مخصوص ٹیکسٹ پیغام پر لاگو ہوگا اور وصول کنندہ کے اسے پہلی مرتبہ کھولنے کے بعد ہی غائب ہوجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس طرح کے پیغام کو کاپی، فارورڈ یا محفوظ نہیں کیا جاسکے گا اور اس کا اسکرین شاٹ لینے کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہوگی۔ فی الحال یہ فیچر بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، تاہم عام صارفین تک اس کی رسائی کب ممکن ہوگی، اس بارے میں کمپنی نے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔
