پاکستان میں گڈ گورننس اور ترقی کیلئے 77 فیصد شہری نئے صوبوں کے حامی
ایک نئے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں ترقی اور حکومتی خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے نئے صوبوں کے قیام کے حامی شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، سروے میں شہریوں نے اظہارِ خیال کیا ہے کہ اس اقدام سے طرزِ حکمرانی بہتر بنانے، ترقیاتی عمل تیز کرنے اور سرکاری خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ اس پس منظر میں زور پکڑ رہا ہے کہ بڑے صوبائی انتظامی ڈھانچے دور دراز اضلاع اور چھوٹی آبادیوں کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔
میریڈین نیشنل بیرومیٹر 2026 کے نام سے کیے گئے سروے میں، جس کا انعقاد میریڈین اینالیٹکس نے 5 ہزار شہریوں کے درمیان کیا، انکشاف ہوا ہے کہ 77 فیصد پاکستانی اضافی صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔ نومبر 2022ء کے مقابلے میں یہ شرح 23 فیصد پوائنٹس بڑھ گئی ہے۔
سروے کے مطابق 2022ء میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت 54 فیصد تھی، جو 2024ء میں بڑھ کر 66 فیصد ہوگئی اور تازہ ترین سروے میں 77 فیصد تک پہنچ گئی۔
