جنگیں بے وقوفی ہیں، جنگ کا مقصد ہتھیار بنانے والوں کیلئے بھاری رقم کمانا ہے: سلویسٹر اسٹالون

0

ہالی وڈ سپر اسٹار سلویسٹر اسٹالون نے جنگوں کو بے وقوفی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کا مقصد جنگی اداروں اور ہتھیار بنانے والوں کے لیے بھاری رقم کمانا ہے ۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں جب 80 سالہ سپر اسٹار سلویسٹر اسٹالون سے پوچھا گیا کہ کیا 1980 کی دہائی کی وار ایکشن فلم ‘ریمبو’ ان کی اپنی سوچ اور نظریات کی نمائندگی کرتی تھی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ اب وہ سمجھتے ہیں کہ تمام جنگیں بے وقوفی ہیں، جنگیں دونوں فریقوں کو تباہ کرتی ہیں، نوجوان فوجی جنگ میں اپنی جانیں اور جسم گنواتے ہیں۔

سلویسٹر اسٹالون کا کہنا تھا کہ اگر آپ پر حملہ ہو رہا ہو تو یقیناً آپ کو اپنا دفاع کرنا چاہیے، میں ابھی سیاست میں نہیں پڑنا چاہتا لیکن بنیادی طور پر تمام جنگیں دونوں فریقوں کو تباہ کر دیتی ہیں۔ ان کے نتیجے میں ایک خوفناک تاریخ جنم لیتی ہے، دشمنیاں نسلوں تک قائم رہتی ہیں، ملک تباہ ہو جاتے ہیں اور سرحدوں کی لکیریں دوبارہ کھینچی جاتی ہیں، آخر کس لیے؟

ہالی وڈ اداکار کا کہنا تھا کہ اب مجھے احساس ہوتا ہےکہ ہر جنگ بے مقصد اور بے فائدہ ہے، یہ جنگی محکموں اور ہتھیار بنانے والے اداروں کے لیے بہت زیادہ پیسہ کمانےکا ایک ذریعہ بن جاتی ہے جب کہ نوجوان بس جنگ کی چکی میں ڈال دیے جاتے ہیں، جہاں ان کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے ہیں۔ پھر جب وہ بازو یا جسم کے کسی حصے سے محروم ہو کر واپس آتے ہیں تو کہا جاتا ہے، افسوس، اب اپنا خود خیال رکھو، مجھے اس سے نفرت ہے اور میں اس کی سخت مخالفت کرتا ہوں۔

سلویسٹر اسٹالون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب میں جنگ کا بہت پُرجوش حامی تھا، حقیقت میں یہ میری نادانی تھی، پھر میں نے سوچا یہ تو انتہائی سفاک اور خوفناک ہے، جنگ میں کوئی شان یا بہادری نہیں ہوتی، بالکل بھی نہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.