گورنر بلوچستان کی تربت یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن میں شرکت، اے آئی سینٹر کے قیام کی تجویز

26

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
تربت، 15 جنوری: یونیورسٹی آف تربت (یو او ٹی) کا تیسرا کانووکیشن 15 جنوری 2026 کو مرکزی کیمپس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت گورنر بلوچستان اور چانسلر یو او ٹی شیخ جعفر خان مندوخیل نے کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی اور صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں وائس چانسلر یو او ٹی پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، رکن قومی اسمبلی پھولین بلوچ، کمانڈنٹ مکران اسکاوٹس، وائس چانسلرز، سینیٹ ممبران، اعلیٰ سرکاری افسران، عدلیہ، سیاست دان، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ تعلیم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور بلوچستان میں امن و ترقی کے لیے بنیادی ذریعہ ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں 50 فیصد طالبات کے اندراج پر اطمینان کا اظہار کیا اور گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو انسانی وقار اور برداشت کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔
گورنر نے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر گولڈ میڈلسٹ کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا اور یونیورسٹی میں جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سینٹر کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مالی مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت اور چانسلر آفس کی مسلسل معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے جدید اور تخلیقی تعلیم پر یونیورسٹی کی توجہ کو سراہا اور جامعات کو درپیش مالی و انتظامی مسائل کے حل کے عزم کا اعادہ کیا۔
صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے لیے گرانٹس بڑھا کر 8 ارب روپے کر دی ہیں، جو نوجوانوں کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
اس سے قبل وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ یونیورسٹی میں 120 سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ، جن میں 41 پی ایچ ڈی شامل ہیں، چار ہزار سے زائد طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اسناد اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے۔ اس سے قبل گورنر بلوچستان نے سینیٹ ہال کا افتتاح کیا، ہوشاب کے طلبہ کے لیے نئی بس کی چابیاں حوالے کیں اور انتظامی بلاک میں شجرکاری بھی کی۔

 

Comments are closed.