پشین فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ کو مکمل فعال بنانے کے فیصلے، 24 جنوری کو مسجد و سہولیات کا سنگِ بنیاد
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 13 جنوری 2026:
سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی کی زیرِ صدارت پشین فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مارکیٹ کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں اور مارکیٹ کمیٹی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن مسعود بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشین نجم کاکڑ، ڈائریکٹر اکنامک اینڈ مارکیٹنگ عبدالخالق جوگیزئی، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی پشین شاہ زمان کاکڑ، ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی پشین منظور احمد، چیئرمین یونین رمضان خان اور یونین ممبران عبدالرحمن اور عبیداللہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت نور احمد پرکانی نے کہا کہ مارکیٹ سے وابستہ تاجروں اور کاشتکاروں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے ایک جامع اور مؤثر منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی سلسلے میں 24 جنوری کو پشین فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ میں مسجد اور دیگر سہولیات کے سنگِ بنیاد کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں منتخب رکن اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، یونین نمائندگان اور علاقہ معززین کو مدعو کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ کے مکمل فعال ہونے سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کو بہتر مارکیٹ رسائی، مناسب قیمتیں اور جدید سہولیات میسر آئیں گی، جس سے علاقے کی مجموعی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مارکیٹ سے متعلق تمام امور اور آگاہی کے لیے مارکیٹ کمیٹی پشین کے ذریعے اخبارات میں باقاعدہ اشتہارات شائع کیے جائیں گے تاکہ تمام متعلقہ افراد بروقت معلومات حاصل کر سکیں۔
Comments are closed.