خیبر پختونخوا میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز؛ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

21

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 10 جنوری 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبر پختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور کرم میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات ریاستی عزم، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے وابستہ خطرناک دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا، جو ملک کے امن و امان، قومی سلامتی اور معصوم شہریوں کی جانوں کے لیے مسلسل سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گرد سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے، اور دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایک پرامن، محفوظ اور مستحکم ملک بنانے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے مکمل ہم آہنگی، سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ اپنا قومی فریضہ ادا کرتے رہیں گے۔

Comments are closed.