مظفرآباد: حریت کانفرنس کے وفد کی سمعیہ ساجد سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش

23

مظفرآباد، 7 جنوری:
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد نے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ کی قیادت میں مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ اور چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) سمعیہ ساجد سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ گھمبیر صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ بھارتی قابض فورسز کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفد نے کہا کہ قتل و غارت، بلاجواز گرفتاریاں، گھروں کی مسماری، شہری آزادیوں کی سلبی اور غیر ریاستی باشندوں کی منظم آبادکاری بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
حریت قائدین نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنا اور اس کے مسلم تشخص کو کمزور کرنا ہے، جو ایک سنگین انسانی اور جنگی جرم کے مترادف ہے۔ وفد نے اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو مظالم سے باز رکھیں، آزادانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں اور کشمیری عوام کو ان کا اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔
حریت وفد نے سمعیہ ساجد کی ان مسلسل کاوشوں کو سراہا جن کے ذریعے وہ تحریکِ آزادیٔ کشمیر اور ریاستی جبر کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہی ہیں۔ اس موقع پر سمعیہ ساجد نے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام کامیاب ریلی پر قیادت کو مبارکباد دی اور کہا کہ عوامی یکجہتی کشمیریوں کی جدوجہد کو مزید تقویت دے گی۔ انہوں نے ہر فورم پر کشمیر کاز کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر فریقین نے کشمیری عوام کی جائز اور پرامن جدوجہد کو عالمی ضمیر تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے باہمی روابط اور مشترکہ کاوشیں مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں سینئر حریت رہنما سید گلشن، سید مشتاق حسین اور نوجوان رہنما نصیر میر بھی شریک تھے۔

Comments are closed.