ڈی جی پی ایچ اے کی نئی ضلعی ایجنسیوں کو جامع باغبانی پلان پیش کرنے کی ہدایت
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لاہور، 7 جنوری:
ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ناہید گل بلوچ نے نئی قائم شدہ ضلعی ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں باغبانی اور جمالیاتی خوبصورتی سے متعلق ممکنہ اقدامات پر مشتمل تفصیلی پلان پیش کریں۔
یہ ہدایات 11 نو تشکیل شدہ ایجنسیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے حال ہی میں قائم کی گئی یہ ایجنسیاں جھنگ، رحیم یار خان، خوشاب، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، اوکاڑہ، گجرات، جہلم، مری، خانیوال اور مظفر گڑھ میں کام کریں گی۔
اجلاس میں ناہید گل بلوچ نے منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ایجنسیوں کے عملی آغاز کے لیے واضح روڈ میپ مرتب کریں اور شہروں میں سرسبزی، باغبانی اور خوبصورتی بڑھانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق بالخصوص دور دراز اضلاع پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے سرسبز پنجاب کے عزم پر کاربند ہے۔
عملہ اور اثاثہ جات کی منتقلی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے صوبائی حکومت نے ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جو ابتدائی مرحلے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں میونسپل کمیٹیوں سے اثاثوں کی منتقلی کی نگرانی کریں گی۔ منیجنگ ڈائریکٹرز کو عملے کے لیے پی ایچ اے کے لوگو والی یونیفارم کے انتظام کی بھی ہدایت کی گئی۔
Comments are closed.