نوجوانوں پر سرمایہ کاری، عوام کےلیے سہولیات اور ایک مضبوط پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وژن ہے، خیبر پختونخوا کے مختلف جامعات میں 14 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

22

پشاور:
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری، عوام کےلیے سہولیات اور ایک مضبوط پاکستان مسلم لیگ (ن) قیادت کا وژن ہے، قوموں کی تقدیر کا فیصلہ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوتا ہے، خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہمارے بچوں کی تعلیم، ہمارے نوجوانوں کا مستقبل، اور ہماری معیشت سب امن سے جڑے ہوئے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں منگل کو پشاور یونیورسٹی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت یونیورسٹی کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج مجھے بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ میں پشاور یونیورسٹی کے ہونہار طلباء و طالبات کے درمیان موجود ہوں جہاں وزیرِاعظم پاکستان کے نوجوانوں کے لیے شروع کردہ تاریخی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 2400 طلبہ کو لیپ ٹاپس فراہم کیے جا رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف جامعات میں 14 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں، وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شروع کیا تھا تاہم بدقسمتی سے اس پروگرام کو 2108 میں بند کردیا گیا جس کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر سے شروع کر دیا ہے. وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سب سے پہلے میں دل کی گہرائیوں سے ان تمام خوش نصیب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹی آف پشاور کی علمی، تحقیقی اور تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، یہ ادارہ نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے لیے علمی روشنی کا مینار رہا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے افراد نے ملک و قوم کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے. انہوں نے کہا کہ قوموں کی تقدیر کا فیصلہ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوتا ہے، نوجوان کسی بھی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، باہمت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں سے روشن ہے.

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے طلبہ کم ذہین نہیں ہیں بلکہ وہ بھی معیاری تعلیمی مواقع کے بھرپور حق دار ہیں، اور اسی لیے انہیں دانش اسکول جیسے تعلیمی اداروں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ پیشکش بھی کی کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ 50 فیصد شراکت داری کے تحت اس نوعیت کا منصوبہ شروع کر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت، بالخصوص وزیرِاعظم پاکستان نوجوانوں پر سرمایہ کاری کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتے ہیں. وزیراعظم یوتھ پروگرام اس وژن کا عملی ثبوت ہے، لیپ ٹاپ اسکیم ہو یا اسکالرشپس، ہنر مند نوجوان پروگرام ہو یا کاروباری قرضے، یہ تمام اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے.
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اس موقع پر وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی کاوشوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے جو نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور یہ ملک ہم سب کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے، ہماری تاریخ قربانیوں، حوصلے اور استقامت سے بھری ہوئی ہے.
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حالیہ حالات میں ہماری افواج اور قیادت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جس بہادری، حکمت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے. قوم متحد ہو تو کوئی دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا. انہوں نے کہا کہ کہ خاص طور پر ایک بات پر زور دینا چاہتا ہوں اور وہ امن ہے، امن ہی ترقی کی بنیاد ہے، خیبر پختونخوا ہمارا وہ صوبہ ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہمارے بچوں کی تعلیم، ہمارے نوجوانوں کا مستقبل، اور ہماری معیشت سب امن سے جڑے ہوئے ہیں.
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ہمارے دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن بحال ہو، لیکن ہماری قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور نوجوانوں کی مثبت توانائی ہر سازش کو ناکام بنا سکتی ہے. وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، ڈیجیٹل یوتھ حب جیسے پلیٹ فارمز آپ کو تعلیم، ٹیکنالوجی، ہنر اور قیادت کے مواقع فراہم کر رہے ہیں. آپ نے علم، کردار اور اتحاد کے ذریعے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے. جب نوجوان باشعور، متحد اور پرامن ہوں تو قومیں ترقی کرتی ہیں.
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ آج خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں، حالیہ دنوں میں جامعہ پشاور کو کئی سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وفاقی حکومت ان مسائل سے چشم پوشی نہیں کر سکتی۔ ہم جامعہ پشاور کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کا دور جدید علوم اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ڈیجیٹل ترقی کو قومی ترجیح سمجھتی ہے، یونیورسٹی آف پشاور کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز، تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر یونیورسٹی آف پشاور کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی،
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بدقسمتی سے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اپنا قیمتی وقت سیاسی محاذ آرائی میں ضائع کر رہی ہے۔ 13 سال سے اقتدار میں رہنے کے باوجود اگر آج بھی عوام کو بنیادی سہولیات کے لیے آواز اٹھانا پڑے تو سوالات اٹھانا ہمارا جمہوری اور اخلاقی حق ہے، صوبے کے عوام کو اب محض نعروں نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے.
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نہ صرف معیشت کو استحکام کی طرف گامزن کیا ہے بلکہ ملک کو دوبارہ ترقی کے راستے پر ڈالنے کے لیے سخت مگر درست فیصلے کیے ہیں. الحمدللہ آج پاکستان کی معیشت بحالی کی جانب بڑھ رہی ہے،سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ میری پارٹی کی قیادت کا وژن بالکل واضح ہے اور وہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات، اور ایک مضبوط پاکستان ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ اگر نوجوان مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا.

قبل ازیں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا یونیورسٹی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

Comments are closed.