گوادر میں زیر تعمیر ڈیمز صرف پینے کے پانی کیلئے استعمال ہوں گے: وزیر اعلیٰ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 16 دسمبر:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ گوادر میں زیر تعمیر تمام ڈیمز کو صرف آبنوشی کے مقاصد کیلئے استعمال میں لایا جائے گا تاکہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے یہ بات پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر کو گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے بارشوں کی شدید کمی کا سامنا ہے جس کے باعث پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر کے عوام کو اس بنیادی مسئلے سے نکالنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ڈیمز کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گوادر میں جاری ڈیمز منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور کسی بھی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آبپاشی اور ڈیمز کے منصوبے بلوچستان کے زرعی اور معاشی مستقبل کے ضامن ہیں اور پائیدار ترقی کیلئے منصوبہ بندی کے ساتھ عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں اور عوامی مفادات کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
Comments are closed.