بلوچستان میں جدید زراعت کیلئے ہائیڈروپونکس منصوبے کی منظوری

26

 کوئٹہ، 16 دسمبر:

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) سے متعلق قائم پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں جدید زراعت کے فروغ کیلئے ہائیڈروپونکس ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے اہم منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ ابتدائی مرحلے میں بلوچستان کے دس اضلاع میں شروع کیا جائے گا جبکہ منصوبے کی کامیابی اور مؤثر نتائج کی بنیاد پر اسے مرحلہ وار دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہائیڈروپونکس جیسے جدید زرعی نظام کم پانی میں زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، جو بلوچستان جیسے خشک اور پانی کی قلت سے متاثرہ صوبے کیلئے نہایت موزوں ہیں۔ منصوبے سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کیلئے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اجلاس کے دوران صوبے میں جاری آبپاشی منصوبوں اور ڈیمز کی تعمیر سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے مختلف اضلاع میں زیر تعمیر اور مجوزہ ڈیمز منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور یہ منصوبہ بلوچستان کو زرعی خود کفالت کی جانب گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

Comments are closed.