خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی، وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین

26

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 14 دسمبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی اداروں، فورسز، بلوچستان پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز ریاستی رِٹ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا واضح ثبوت ہیں۔

جاری بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خاران میں کارروائی کے دوران تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کو دوٹوک پیغام ملا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی اداروں، پولیس اور سی ٹی ڈی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال بلوچستان میں 700 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جانا دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے، جو فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، قربانیوں اور مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، شہریوں کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں، سی ٹی ڈی اور بلوچستان پولیس کے افسران و جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام کی اس جدوجہد میں اپنے محافظوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Comments are closed.