وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان صلاحیتوں کو قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے

27

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 13 دسمبر

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان صلاحیتوں کو قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں منعقدہ “سلطان گولڈن گینز ریکارڈ اٹمپٹ ایونٹ 2025” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سلطان گولڈن نے گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے، جو پورے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے سلطان گولڈن کی غیر معمولی محنت، لگن اور عزم کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پانچ کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا ٹیلنٹ صرف مواقع کا منتظر ہے اور حکومت ہر باصلاحیت نوجوان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے کھلاڑیوں اور نوجوان ٹیلنٹ کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عالمی سطح پر بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔ آخر میں انہوں نے سلطان گولڈن کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

Comments are closed.