پیپلز پارٹی کی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہے، جو کہ جمہوریت اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے

28

سکرنڈ (رپورٹ: راج کمار اوڈ)
سندھ یونائیٹڈ پارٹ کے صدر اور دریائے سندھ بچاؤ تحریک کے کنوینر سید زین شاہ نے اپنے ایک سخت ردِعمل میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہے، جو کہ جمہوریت اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکرنڈ تھانے میں ایس یو پی کے حامی لیکچرار صدر اللہ لنڈ، پی ایس ٹی ٹیچر اسد اللہ لنڈ اور دیگر بے گناہ افراد پر جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ یہ پیپلز پارٹی کی سیاسی انتقام پسندی اور پولیس گردی کی واضح مثال ہے۔سید زین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں ریاستی اداروں کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں طویل عرصے سے ماورائے آئین و قانون گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، جھوٹے مقدمات اور ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی آواز کو دبانے کے لیے طاقت، دھمکیوں اور جھوٹے کیسز کا سہارا لیا جا رہا ہے، جو نہ صرف شرمناک ہے بلکہ جمہوریت کے لیے خطرناک بھی۔ سید زین شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان انتقامی کارروائیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور بے گناہوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔

Comments are closed.