چیئرمین نیب کی پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات — نیب ہیڈکوارٹر میں خصوصی تعارفی اور معلوماتی نشست کا انعقاد

25

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) ہیڈکوارٹر میں آج پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے لئے ایک خصوصی تعارفی اور معلوماتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ یہ بچے گزشتہ روز نیب راولپنڈی کی جانب سے منعقدہ انسدادِ بدعنوانی آگاہی واک میں بھرپور شریک ہوئے تھے۔ تقریب میں ڈپٹی چیئرمین نیب،سہیل ناصر، پراسیکوٹر جنرل نیب سید احتشام قادرشاہ، نیب ہیڈکوارٹرز کے ڈی جیز اور سینئر افسران بھی شریک تھے جنہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور نیب کی نوجوانوں سے متعلق آگاہی مہم کو سراہا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان (حلال امتیاز) نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کے جذبے، نظم و ضبط اور بدعنوانی کے خلاف مہم میں شمولیت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں ایمانداری، دیانت اور جوابدہی کا شعور اجاگر کرنا ایک قومی ذمہ داری ہے۔

سیشن میں بچوں کے ساتھ گفتگو، سوال و جواب کا سلسلہ اور ان کی عزت افزائی کے لئے خصوصی چائے کا انتظام بھی کیا گیا۔ چیئرمین نیب نے بچوں کو تعلیم میں محنت، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور مثبت کردار اپنانے کی تاکید کی۔

انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی آمد سے ہمارے وقار میں اضافہ ہوا ہے ، نیب کا یہ آڈیٹوریم اس سے پہلے اتنا خوبصورت کبھی نہیں لگا۔ بدعنوانی کےخلاف جنگ کی اس ہفتہ وار آگہی مہم کا سلسلہ ان بچوں کو مدعو کئے بغیر مکمل نہیں ہونا تھا۔گزشتہ روز سپورٹس کمپلیکس میں بد عنوانی کے خلاف منعقدہ واک پر ان بچوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ نیب پاکستان بھر میں نوجوانوں کے ساتھ آگاہی اور شفافیت کے فروغ کے لئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
سی ای او پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان (ہلال امتیاز) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز کی صور ت میں اللہ پاک نے انہیں ایک اہم مشن سے نوازا ہے۔ اس ادارے میں یتیم بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی توجہ دی جاتی ہے، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس ادارے میں پرورش کرنے والے بچے پاکستان کےروشن مستقبل کی ضمانت بنیں گے ۔

چئیرمین نیب نے بچوں کو نصیحت کی کہ آ پ نے اپنے آپ کو اکیلا نہیں سمجھنا ، آپ ہمارے بچے ہیں ، ہماری مستقبل کی قیادت آپ میں سے ہی نکلے گی۔ آپ نے اس ملک سے مایوس نہیں ہونا اور اپنی سوچ مثبت رکھنی ہے۔ جلد ہی پاکستان اسلامی دنیا کی مضبوط معاشی اور ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔
آخر میں چئیرمین نیب بچوں کے ساتھ گھل مل گئےاور ان میں تحائف بھی تقسیم کئے۔

Comments are closed.