وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مائنز اونرز ایسوسی ایشن کی ملاقات
کوئٹہ، 9 دسمبر 2025: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور صوبے میں کان کنی کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے پر اظہار تشکر کیا۔ ملاقات میں چیمبر آف مائنز کے قیام، اراضی کی فراہمی اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کان کنی کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے سے مزدوروں کو بہتر تحفظ اور سہولیات ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں اور ورکرز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی اور معدنی وسائل کو قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مائننگ سیکٹر میں شفافیت اور جدید نظام متعارف کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی، رکن اسمبلی پرنس آغا عمر احمد زئی، اے سی ایس داخلہ، سیکرٹری و ڈی جی مائنز سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔
Comments are closed.