بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے ریاستی ادارے کی دو ٹوک پوزیشن قابلِ تحسین ہے، سردار اویس احمد خان لغاری
اسلام آباد۔7دسمبر :وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے ریاستی ادارے کی دو ٹوک پوزیشن قابلِ تحسین ہے،پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے اور زہریلی مہم چلانے والا شخص قوم و ملک کا غدار ہے اور کسی رعایت کا مستحق نہیں۔اتوار کووزارت توانائی سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پانچ دسمبر کی پریس کانفرنس صرف پاک فوج کے ترجمان کی نہیں، پوری قوم کے دل کی آواز ہے،بیرونی آقاو ¿ں کے ایجنڈے کی ناکامی پر ذہنی توازن کھو بیٹھنے والا شخص مسلسل قوم کو اذیت میں مبتلا کر رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے ریاستی ادارے کی دو ٹوک پوزیشن قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ خود کو عقلِ کل اور ملک کا واحد مختار سمجھنے والا یہ شخص بھول گیا تھا کہ وہ مخصوص قوتوں کا تراشا ہوا لیڈرتھا۔ آج وہ مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے اور ترجمان پاک فوج نے اس کا پورا چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے اور زہریلی مہم چلانے والا شخص قوم و ملک کا غدار ہے اور کسی رعایت کا مستحق نہیں،آزادیِ اظہار کبھی بھی ملکی سالمیت سے بالاتر نہیں ہو سکتی، اس کی آڑ میں دشمنانہ مہم چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان کے ذہنی مریض سے کھرے کھرے سوالات خوش آئند ہیں قوم ان سوالات کے جوابات مانگتی ہے۔مسلح افواج کے خلاف ہی بیانیہ کیوں بناتے ہو؟ چار سال وفاق میں اقتدار کے مزے لوٹے اور اب بارہ سال سے صوبہ کے پی کے میں حکومت کر رہے ہو ان کی کارکردگی کیا ہے؟ دہشت گردوں کے خلاف کوئی بات نہ کرنے الٹا ان سے نبردآزما مسلح افواج کے خلاف بیانیہ بناتے ہو آخر کیوں؟ قوم تمہارے بہکاوے میں نہیں آئے گی،تمہاری ذات ملک وقوم کی جان اور سلامتی سے بڑھ کر نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ با صلاحیت اور محب وطن قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنھوں نے آٹھ گنا زیادہ طاقتور ازلی دشمن بھارت کو 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب شکست فاش دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اس شاندار فتح سے پوری دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے،فتنہ الخوارج کے خلاف واضح پالیسی اپنانا سید عاصم منیر کا ایک قابل فخر کارنامہ ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت میں پاکستان مزید پھلے پھولے گا مزید طاقتور بنے گا مزید ترقی کرے گا مزید باوقار بنے گا۔ان شائ اللہ۔
Comments are closed.