ملکی تعمیرو ترقی ہمارا شیوہ ہے، عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے، پاک فوج کو برا کہنے والوں کا ذہنی فتور عوام کے سامنے عیاں ہو چکا، پاک فوج سے ہمارا دشمن خوفزدہ ہے، عطا اللہ تارڑ

26

لاہور۔7دسمبر :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج سے ہمارا دشمن خوفزدہ ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دشمن پر خوف طاری ہے، جس فوج نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی ہو، اسے برا کہنے والوں کو شرم آنی چاہئے، مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں تعمیر و ترقی کا وسیع جال بچھایا، آج ملک کے ہر حصے میں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں کی جھلک نمایاں ہے، ملکی تعمیر و ترقی ہمارا شیوہ ہے۔ ستم ظریفی ہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 12 سالوں میں خیبر پختونخوا کو کھنڈر بنا دیا، کے پی میں نہ نئے سکول بنے، نہ کالج اور نہ یونیورسٹیاں قائم ہوئیں، محمد شہباز شریف نے محمدنواز شریف کے وڑن کے تحت پاکستان کا پہلا اور جدید کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ قائم کیا جہاں ایک ہزار ٹرانسپلاٹ کامیابی سے ہو چکے ہیں جبکہ تحریک انتشار کی حکومت ایسا ایک ہسپتال نہیں بنا سکی، لاہور میں سیف سٹیز منصوبہ مسلم لیگ (ن)کا تحفہ ہے جسے مریم نواز شریف جدید خطوط پر مزید توسیع دے رہی ہیں، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ کے پی میں بد انتظامی اور کمزور کارکردگی کے باعث عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں، بزدار پلس پلس کی حکومت کا جلسہ آج عوام نے اس لئے مسترد کر دیا کہ جیل میں قید ذہنی مریض نے 190 ملین پاﺅنڈ کا ڈاکہ ڈالا، اس شخص نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا، یہ شخص ہسپتال اورفلاحی منصوبوں کے فنڈز تک کھا گیا، 9 مئی کو حملے کرنے اور شہدا کی یادگاروں کو مسمار کرنے سے بڑا کوئی جرم نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں یونین کونسل 240 شبیر چوک بھٹہ نمبر 2نزد باگڑیاں میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑ، رکن صوبائی اسمبلی میاں عمران جاوید، مقامی سیاسی و سماجی رہنماﺅں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوامی خدمت کے لیے سرگرم رہی ہے، قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویڑن کے مطابق ملکی ترقی ہمارا شیوہ ہے، آج عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جا رہے ہیں، ہم پہلے بھی عوام میں موجود تھے اور آج بھی الحمداللہ اپنی کارکردگی کی بنا پر عوام کے درمیان ہیں، مسلم لیگ(ن ) کی حکومت عوامی خدمت کیلئے ہمیشہ مصروف عمل ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حلقوں میں بنیادی سہولتوں کے متعدد منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔ ملک بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے تعمیر و ترقی کا ایسا جال بچھایا ہے کہ آج ملک کے ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف کی تختی نظر آتی ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پختون ہمارے بھائی ہیں، ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں لیکن افسوس کہ خیبر پختونخوا میں پچھلے 12 سال سے ایک جماعت کی حکومت ہے جس نے اس صوبے کو کھنڈر بنا دیا ہے، نہ سکول بنائے، نہ کالج اور نہ یونیورسٹیاں قائم کیں۔ قائد محمد نواز شریف کے وڑن کے تحت محمد شہباز شریف نے پنجاب میں پاکستان کا جدید اور واحد کڈنی انسٹیٹیوٹ بنایا، پہلے جگر اور کڈنی کے مریض علاج کے لئے مختلف ممالک جاتے تھے، ہمیں فخر ہے کہ اس ہسپتال میں ایک ہزار ٹرانسپلاٹ مکمل ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں فرانزک لیب بنائی، سیف سٹی کیمرے لگائے جبکہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت سے جب پوچھتے ہیں کہ سیف سٹی کیمرے لگائے تو جواب نہیں ملتا، جب ہم پوچھتے ہیں کہ آپ نے فرانزک لیب بنائی تو جواب نہیں ملتا، پنجاب میں کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بنا جس نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور کردار ادا کیا، جب خیبر پختونخوا حکومت سے سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کا پوچھتے ہیں تو بھی جواب نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں فرانزک لیب جیسے بڑے منصوبے مکمل کئے، وزیراعلی مریم نواز صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، اپنا گھر اپنی چھت منصوبہ ہو یا کسانوں کر سبسڈی پر ٹریکٹرز کی فراہمی، دیہات اور پسماندہ علاقوں میں موبائل کلینک کی بات ہو یا فیلڈ ہسپتال، صوبہ بھر میں سڑکوں کا جال، صحت کی بنیادی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی ہو یا ستھرا پنجاب پروگرام، سیاحت کا فروغ ہو یا سیف سٹی کیمروں کا منصوبہ، پی کے ایل آئی ہسپتال ہو یا دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے لئے صحت کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی، ضلعی سطح پر صحت کے شعبہ میں اصلاحات ہوں یا تعلیم کے منصوبے، سیوریج کے منصوبے ہوں یا معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے شاندار منصوبے ہوں ان سب کا کریڈیٹ وزیراعلی مریم نواز کو ہی جاتا ہے جو عوامی خدمت میں اپنا دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے پشاور میں ہونے والے جلسے کو عوامی طور پر مسترد شدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے اس ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ، بزدار پلس پلس کی حکومت کا جلسہ عوام نے اس لئے مسترد کر دیا ہے کہ جیل میں قید ایک ذہنی مریض نے 190 ملین پاﺅنڈ کی کرپشن کی اور ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا، اس شخص نے فلاحی اور ہسپتالوں کے فنڈز تک خورد برد کیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے دور حکومت میں بھارت کے خلاف آواز نہ اٹھا سکی، کشمیر اور فلسطین کے مسائل پس پشت ڈال دیے گئے جبکہ ان کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس بیرون ملک سے آپریٹ ہو کر ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث ہیں، یہ لوگ دشمن کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،9 مئی کے حملے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی سے بڑا کوئی جرم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو پاکستان کے خلاف خط لکھا جانا انتہائی افسوس ناک عمل ہے،انہوں نے کوشش کی کہ پاکستان میں افراتفری پھیلائی جائے اور ملکی معیشت کریش کر جائے، ان سازشی عناصر نے وہ کام کیا جو دشمن کرنا چاہتاتھا لیکن پھر سب نے دیکھا کہ کس طرح ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس ملک کو بھنور سے نکالنے کے لیے دن رات ایک کر دیا، ہم نے ملکی سا لمیت کے لیے اپنی سیاست کی پرواہ بھی نہ کی، یہ لوگ چہ مگوئیاں کر رہے تھے کہ ملک جلد ڈیفالٹ کر جائے گا لیکن اللہ تعالی کے کرم اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ہم نے نہ صرف اس ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، آج ملکی معیشت بہتری کی طرف رواں دواں ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے جس کو عالمی مالیاتی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں، مثبت پالیسیوں کی بدولت گرین پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت افزائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو بھی ترقی کے اس سفر کو روکنے اور ملکی سلامتی سے کھیلنے کی اجاز ت نہیں دی جا سکتی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، تمام قومی ادارے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، ہمارا دفاع ایک ایسی فوج کے ہاتھ میں ہے جس کا سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وہ مرد مومن ہے جو ملک کا دفاع کرنا جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ رہے گا، ترقی کرے گا، تحریک انتشار والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔ مقامی عمائدین اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت شہر اور مضافاتی علاقوں میں تیزی سے ترقیاتی منصوبے مکمل کروا رہی ہے جن کا مقصد عوامی سہولتوں میں اضافہ اور شہری معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے، ترقیاتی کاموں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیِ آب کے نظام کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ہر علاقے میں مسائل کے حل میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی اسکیموں پر شفاف انداز میں عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ فنڈز کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے، ایسے منصوبے نہ صرف شہری سہولتوں میں اضافہ کریں گے بلکہ مقامی معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی بہتری اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے فیتہ کاٹ کر ترقیاتی منصبوں کا افتتاح بھی کیا۔

Comments are closed.